ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چندرا بابو نائیڈو کے بعد ایم کے اسٹالن کا بھی آبادی بڑھانے کی حمایت میں بیان: لوگوں کو 16- 16 بچے پیدا کرنے کی دی ترغیب

چندرا بابو نائیڈو کے بعد ایم کے اسٹالن کا بھی آبادی بڑھانے کی حمایت میں بیان: لوگوں کو 16- 16 بچے پیدا کرنے کی دی ترغیب

Tue, 22 Oct 2024 10:29:17  SO Admin   S.O. News Service

چنئی، 22/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کے بعد تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے بھی آبادی میں اضافے  پر زور دیتے ہوئے  عوام  کو 16 بچے پیدا کرنے کی ترغیب دی ہے۔ ایم کے اسٹالن نے یہ بیان اس وقت  دیا جب ایک تقریب میں 31 جوڑوں کی اجتماعی شادی منعقد ہو رہی تھی۔

وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اپنی تقریر کے دوران انسانی وسائل کی ترقی و سماجی انصاف کے وزیر شیکھر بابو کی کارگزاریوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مندروں کے انتظام اور وسائل کو ہموار کرنے میں ڈی ایم کے سرکار کی کوششوں کو سچے عقیدت مندوں نے کافی پسند کیا ہے۔ پھر انہوں نے  مزاحیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا  کہ ’’بڑے بزرگ نئے شادی شدہ جوڑے کو 16 اقسام کی جائیدادوں کی دعائیں دیتے تھے، شاید اب 16 اقسام کی جائیدادوں کی جگہ 16 بچے پیدا کرنے کا وقت آ گیا ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ اسٹالن نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ  ہماری آبادی کم  ہو رہی ہے جس کا اثر ہماری لوک سبھا سیٹوں پر بھی پڑے گا۔ اس لئے کیوں نہ ہم 16-16 بچے پیدا کریں۔

واضح ہو کہ اس سے قبل آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے بھی ریاست میں بڑھتی بزرگوں کی آبادی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے 20 اکتوبر کو ایک تقریب میں عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ دو سے زیادہ بچے پیدا کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا ہم نے پہلے ایسا قانون بنایا تھا کہ زیادہ بچے والے لوگ انتخاب نہیں لڑ پائیں گے۔ اب ہم اس قانون کو ختم کر کے اس کے برعکس قانون لانے کی سوچ رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے زیادہ بچے والی فیملی کو اضافی سہولیات دینے کی بھی بات کہی تھی۔


Share: